کراچی (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 19 اگست 2020ءابو ظہبی سے پشاور آنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 218 پرواز کے دوران فنی خراب کا شکار ہو گئی ہے۔کاک پٹ میں نشاندہی کی گئی کہ طیارے کے ہائیڈرو لک سسٹم میں خرابی پیدا ہو گئی ہے،کپتان نے کراچی کے ائیر ٹریفک کنٹرولر ٹاور سے رابطہ کیا۔کراچی ائیر پورٹ پر ٹیکنیکل لینڈنگ کی اجازت طلب کی۔ ائیر ٹریفک کنٹرولر نے پرواز کو کراچی ائیرپورٹ پر لینڈنگ کی اجازت دی۔

ائیر پورٹ ذرائع کے مطابق کپتان نے جہاز کو بحفاظت ائیرپورٹ پر اتار لیا۔ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ طیارے کو فنی خرابی کے باعث کراچی ائیرپورٹ پر اتار لیا گیا ہے۔فنی خرابی دور ہوتے ہی پرواز کو پشاور کے لیے روانہ کر دیا جائے گا۔ائیرپورٹ پر مسافروں کو تمام سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔واضح رہے کہ دو روز قبل اسلام آباد ایئرپورٹ پر نجی طیارہ خوفناک حادثے سے بال بال بچ گیا تھا۔

بتایا گیا کہ اسلام آباد ائیرپورٹ پر ایک نجی طیارے کا لینڈنگ کے وقت ٹائر پنکچر ہوگیا۔ طیارہ کسی بھی خوفناک حادثے کا شکار ہونے ہی والا تھا کہ جہاز کے کپتان نے کمال مہارت سے طیارے کو بحفاظت اتار لیا۔ بتایا گیا کہ طیارے میں انسٹیکٹرر اور ٹرینی موجود تھا جنہوں نے بحفاظت طیارے کو لینڈ کرایا۔ کمال مہارت اور حاضر دماغی کی وجہ سے کوئی بڑا نقصان نہیں ہوا ہے۔

اسی طرح 28 جولائی 2020ء کو قطر ائیر ویز کے طیارے کی لاہور ائیرپورٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ ہوئی ہے۔ قطر ایئر ویز کی کارگو فلائٹ نے میڈیکل ایمرجنسی کے باعث لاہور انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی ۔ لاہور ایئرپورٹ کے منیجر نے بتایا کہ دوحہ سے بنگلہ دیش جانے والی پرواز میں ایک مسافر کی طبعیت بگڑ گئی جس کے باعث طیارے کو لاہور ائیرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی اجازت دی گئی۔کیو آر 3244 کے پائلٹ نے لاہور ایئر پورٹ کے ائیر ٹریفک کنٹرولر سے رابطہ کیا اور لینڈنگ کے لئے اجازت طلب کی جو منظور کرلی گئی۔لینڈنگ کے بعد مسافر کو طبی امداد فراہم کی گئی۔

Comments

Popular Posts